بنگلور، 8 ستمبر (ایس او نیوز) سائبر کرائم پولس نے سوشیل میڈیا پر مقتول صحافی اور سماجی کارکن گوری لنکیش کے خلاف اہانت آمیز تبصرہ پوسٹ کرنے پر ایک 22 سالہ نوجوان کو گرفتار کیا ہے ۔ گوری لنکیش کو گزشتہ 5 ستمبر کو اپنے گھر کے سامنے گولی مارکر قتل کردیا گیا تھا۔ پولس نے بتایا کہ سائبر کرائم برانچ اور پولس کے جوائنٹ آپریشن میں ملزم مالی ارجن کو گرفتار کر کے اس کے پاس سے ایک موبائل اور سم کارڈ برآمد کیا گیا ہے ۔ ملزم مالی ارجن کا تعلق یدگیری ضلع میں سوراپورہ تعلقہ کے نرائن پورہ سے ہے ، جس نے سول انجینئرنگ میں ڈپلومہ کیا ہے اور وہ ملازمت کی تلاش میں بنگلور آکر اپنے دوست کے گھر پر قیام پذیر تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ملزم کے خلاف کیس درج کرکے چھان بین شروع کردی گئی ہے ۔
گوری کے قتل پر جشن منانے والوں کے تئیں بی جے پی کا رویہ خطرناک: کانگریس
کانگریس نے آج کہا کہ صحافی گوری لنکیش کے قتل پر جشن منانے والوں کو سوشل میڈیا پر وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ فالو کئے جانے کا بی جے پی اور اس کی حکومت جس طرح دفاع کررہی ہے وہ اس کے خطرناک ارادوں کو ظاہر کرتا ہے ۔کانگریس سوشل میڈیاسیل کی سربراہ دویہ سمپدن نے یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی کے سوشل میڈیا کے سربراہ امت مالویہ جس طرح سے مسٹر مودی کے ذریعہ گوری لنکیش کے قتل پر جشن منانے والوں کو فالو کرنے کو درست ٹھہرارہے ہیں اس سے بی جے پی اور اس کی حکومت کی شدت پسندانہ فکرکا اندازہ ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی اور بی جے پی کو یاد رکھنا چاہئے کہ جب مہاتما گاندھی کا قتل کیا گیا تھا تو آر ایس ایس کے لوگوں نے مٹھائی تقسیم کی اور جشن منایا تھا اور یہی بڑی وجہ تھی کہ ملک کے پہلے وزیرداخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل نے آر ایس ایس پر پابندی عائد کردی تھی۔ اسی طرح کا کلچر آج پھر ملک میں پیدا کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی خطرناک خاموشی کے باوجود سماج میں نفرت پھیلانے والوں کے خلاف لڑائی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ نفرت پھیلانے والوں کو کل بھی شکست ہوئی تھی اور اب بھی وہ ناکام ہوں گے ۔